نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹوں کے سدباب کیلئے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی، نگراں وزیراعظم نے اجلاس میں اقدامات کی منظوری دے دی۔
نگراں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وزراء ان اقدامات پر عمل یقینی بنائیں، قلیل مدت کے باوجود معاشی منصوبے پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے۔
انوارالحق کاکڑ نے مزید کہا کہ ان اقدامات سے منتخب حکومت کو معیشت بحالی پروگرام پر عملدرآمد میں آسانی ہوگی۔
اجلاس کے بعد نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری کا مقصد ملک میں سرمایہ کاری بڑھانا ہے، نجکاری، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ری اسٹرکچرنگ، گردشی قرض کم کرنا ایجنڈے میں شامل تھا۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ملک میں ڈالر اسمگلنگ، چینی اور پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ پر بات ہوئی، عالمی معاہدوں کو جاری رکھیں گے، جن معاہدوں سے نقصان ہو رہا ہے اس پر بات ہوئی۔
نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام پر کام کیا جا رہا ہے، ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، حکومتی اخراجات کو کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
Comments are closed.