جمعہ یکم ربیع الثانی 1444ھ28؍اکتوبر 2022ء

سرفراز احمد کو کپتان بنانے کے علاوہ کوئی حل نہیں، نعیم الرحمٰن

قومی کرکٹ ٹیم کی مایوس کُن کارکردگی کے بعد امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے سابق کپتان سرفراز احمد کو تینوں فارمیٹ کا کپتان بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے سوشل میڈیا پر گزشتہ روز زمبابوے کی ٹیم کے ہاتھوں پاکستان کو ہونے والی شکست پر پیغامات شیئر کیے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا اپنے ایک ٹوئٹ میں کہنا ہے کہ سرفراز کو کپتان بنانے کے علاوہ کوئی حل نہیں۔

دوسرے ٹوئٹ میں حافظ نعیم الرحمٰن نے سرفراز احمد اور بابر اعظم کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابر اعظم ایک بہترین پلیئر ہیں، بہتر ہوگا کہ اِنہیں کیپٹن شپ کے دباؤ سے نکالاجائے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے مطالبہ کرتے ہوئے مزید لکھا کہ اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں کہ سرفراز احمد کو فوری طور پر تینوں فارمیٹ کا کیپٹن بنا دیا جائے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ گروپ ٹو کے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کے خلاف تاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022 میں گروپ ٹو کے اہم میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست دے دی۔

قومی ٹیم کے بیٹرز زمبابوے کی جانب سے دیا گیا 131 رنز کا چھوٹا ہدف حاصل کرنے میں بھی ناکام رہے۔ 

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.