امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر مہنگائی، بیروزگاری اور سودی نظام کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا۔
بونیر میں مظاہرین سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کی حکومت پی ٹی آئی کے دیے گئے زخموں میں مزید اضافے کا باعث بن رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نمک پاشی کے بجائے عوام کو مرہم کی امید دیں، پی ٹی آئی کی حکومت نے ریکارڈ قرضوں کے ساتھ تمام ریکارڈ توڑ دیے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کی ایما پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ مسترد کرتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا ہر گھرانے کو 2 ہزار روپے دینے کا اعلان قوم کے ساتھ مذاق ہے، 22 کروڑ عوام کو مہنگائی کے سمندر میں غرق کردیا گیا ہے۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ ملک 75 برسوں سے آئی ایم ایف کی معاشی دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے، پٹرول، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ، لوڈشیڈنگ کا عذاب یکساں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہر محاذ پر عوام کا مقدمہ لڑے گی، ہم حکومت کو ایسے اقدامات واپس لینے پر مجبور کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ ہماری حکومت آئی تو آٹا، گھی، چینی، دالوں پر 30 فیصد سبسڈی دیں گے کیونکہ ملک کے معاشی مسائل کو اسلامی معاشی قوانین سے ختم کیا جاسکتا ہے۔
Comments are closed.