جمعہ27؍جمادی الثانی 1444ھ20؍جنوری 2023ء

سخت مقابلہ اور مالی مشکلات، گوگل کا 12 ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے 12 ہزار ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ گوگل کا نام ٹیکنالوجی سیکٹر پر چھایا ہوا تھا لیکن اب اسے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔

گوگل کی جانب سے ملازمین کی یہ برطرفی عالمی سطح پر ہوگی لیکن اس سے امریکا میں موجود ملازمین بھی متاثر ہوں گے، کمپنی نے یہ اعلان بونس کی ادائیگی میں تاخیر کے چند گھنٹوں بعد کیا۔

الفابیٹ انکارپوریٹڈ جسے گوگل کا پیرنٹ ادارہ سمجھا جاتا ہے وہاں سے تقریباً 12 ہزار یا کمپنی کی 6 فیصد ورک فورس کا خاتمہ کیا گیا۔

جمعہ کو اس حوالے سے سیلیکون ویلی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ملازمین کی اس لے آف کی وجہ مشکل صورتحال ہے۔

ملازمتوں کے خاتمے کے معاملے پر الفابیٹ کے چیف ایگزیکٹو آفسر (سی ای او) سندر پچائی نے اسٹاف کے نام ایک میمو میں کہا کہ کمپنی نے اپنے پروڈکٹ، لوگوں اور ترجیحات کا جائزہ لینے کے دنیا بھر میں ملازمتوں کے خاتمے کا فیصلہ کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سے قبل کمپنی نے اچھا وقت دیکھا لیکن اب معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔

یاد رہے کہ کئی سالوں سے الفابیٹ نے انتہائی باصلاحیت لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کیا اور اس سے گوگل، یوٹیوب اور دیگر پروڈکٹ تیار کیں، جن تک اربوں لوگوں کی رسائی ہے۔

لیکن اب کمپنی کو مائیکروسافٹ کارپوریشن کے جنریٹو آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے بڑھتے ہوئے اثرات سے مقابلہ درپیش ہے۔

واضح رہے کہ چند ہفتوں قبل مائیکروسافٹ نے بھی 10 ہزار ملازمتیں ختم کی تھیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.