پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز (پیکا) میں ترامیم اس لیے کی گئی ہیں کیونکہ عمران خان تنقید برداشت نہیں کرسکتے، سب سے پہلے تو عمران خان کو 10 سال کی سزا ہونی چاہیے۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ نئے قوانین کے تحت سب سے پہلے عمران خان، کابینہ کے اراکین اور کرائے کے ترجمانوں کو جیل میں ہونا چاہیے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ میڈیا کی زبان بندی کی گئی، صحافیوں پر تشدد کیا گیا، جیلوں میں ڈالا گیا، عمران صاحب، جو آپ نے پاکستان کے لوگوں کے ساتھ کیا ہے لوگ کیا آپ کو پھولوں کے ہار پہنائیں؟
ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ جو قوانین بنارہے ہیں، یہ آپ کو جیلوں میں ڈلوائیں گے، جتنا آواز دبانے کی کوشش کریں گے اتنی تیز ہوں گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ اپنی کارکردگی پر غور کریں، فاشسٹ رویہ ترامیم سے چھپایا نہیں جاسکتا، رات کے اندھیرے میں عمران خان نے پیکا قانون میں فیک نیوز ڈال دیا۔
انہوں نے کہا کہ کالے قانون سے میڈیا، آزادی رائے پر حملے کی اجازت آئین نہیں دیتا، آپ سمجھتے ہیں ایسے قوانین سیاہ دور کو طول دے سکتے ہیں۔
Comments are closed.