اتوار10؍ربیع الثانی 1444ھ 6؍نومبر 2022ء

سب سیاستداں یک زبان ہو گئے

6 نومبر کا دن پاکستانی سیاستدانوں کو ایک پیج پر لے آیا، حکومت اور اپوزیشن میں موجود تمام سیاست دان ایک مرتبہ پھر یک زبان ہو گئے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچتے ہی صدرِ مملکت اور وزیرِ اعظم سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں نے قومی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی پاکستان ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے پر پیغام جاری کیا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں ڈاکٹر عارف علوی نے لکھا ہے کہ شاباش، اللّٰہ کا شکر ہے کہ ہم سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔

صدر نے لکھا کہ شاہین آفریدی نے بہترین بولنگ کی، اللّٰہ جانتا ہے کہ ہمیں اس خوشخبری کی کتنی ضرورت تھی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ان شاء اللّٰہ ہم ہی جیتیں گے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے  بنگلا دیش کے خلاف قومی ٹیم کو فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے لیے یہ بڑا موقع ہے، ٹیم نے بہت اچھا کھیل پیش کیا۔

وزیرِ اعظم نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لکھا کہ نیدرلینڈز نے بھی اچھا میچ جیتا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم نے بنگلا دیش کے خلاف میچ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم نے اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، قوم کی دعائیں ساتھ ہیں، پاکستان ورلڈ کپ جیتے گا۔

پنجاب کے وزیرِ کھیل ملک تیمور مسعود نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے آج بہترین کرکٹ کھیلی ہے، سیمی فائنل مرحلے میں بہترین حکمتِ عملی اور محنت سے مقابلہ کرنا چاہیے۔

سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اسد عمر نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارک باد دی۔

سوشل میڈیا پر اسد عمر نے لکھا ہے کہ ویسے اتنی ٹینشن دیے بغیر بھی یہ کام ہو سکتا تھا۔

سابق کرکٹرز کی جانب سے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچنے پر مبارک باد دی جا رہی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.