پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی آصف علی کا کہنا ہے کہ جب سر پر ٹم ساؤتھی کی گیند لگی تھی تو شعیب ملک نے کہا باہر نہیں جانا، تب میں نے ان سے کہا کہ گر بھی جاؤں تو بھی میچ ختم کر کے ہی جاؤں گا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم اور اسلام آباد یونائٹیڈ کے بیٹر آصف علی نے جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سوچ کر گیا تھا کہ یہ میرا آخری ایونٹ ہوسکتا ہے، ذہن بنایا تھا کہ مستقبل کا انحصار اس ٹورنامنٹ پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ڈیبیو پر اتنی محنت نہیں کی جتنی ورلڈ کپ کیلئے کی تھی۔
آصف علی نے کہا کہ افغانستان کیخلاف 4 چھکوں کے بعد جو محبت ملی اس پر بہت خوش ہوں، مڈل آرڈر میں پاوور ہٹر کا کردار کافی مختلف ہوتا ہے، لوگ اعداد و شمار کی بنیاد پر تنقید کرتے، یہ نہیں دیکھتے باری کب آئی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دکھ اس وقت ہوتا جب کرکٹ سے ناواقف افراد بھی تنقید کرتے ہیں، کبھی تنقید کو منفی نہیں لیا، جہاں لوگ ناراض ہوتے ہیں، وہاں پیار بھی کرتے ہیں۔
اسلام آباد یونائٹیڈ کے بیٹر نے کہا کہ پاوور ہٹنگ کے شعبے پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران نیوزی لینڈ کے بولر ٹم ساؤتھی نے آصف علی کو سر پر (باؤنسر) گیند ماری تھی۔
Comments are closed.