پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ذلفی بخاری نے سامنے آئی آڈیو کو ٹیمپرڈ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کوئی گھڑی خریدی نہ فروخت کی، اس آڈيو کا فارنزک ہونا چاہیے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ذلفی بخاری نے کہا کہ آڈیو ٹیمپرڈ ہے اور ایڈیٹڈ ہے، کاپی، کٹ پیسٹ کرکے بنائی گئی ہے، آواز کہاں صحیح ہے کہاں صحیح نہیں فارنزک سے ہی پتہ لگ سکتا ہے، اس آڈیو کا فارنزک ضرور کروائیں۔
ذلفی بخاری نے مزید کہا کہ جب بیچی نہیں تو کیسے کہہ سکتا ہوں کہ گھڑی بیچی، آڈیو میں جس گھڑی کی بات ہے وہ دبئی والی نہیں، اسلام آباد سے کوئی گھڑی خریدی نہ بیچی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ گفتگو کاپی پیسٹ کرکے بنائی گئی ہے، ایک بار کوئی چیز ٹیمپرڈ ہو جائے تو بتانا مشکل ہو جاتا ہے کیا صحیح ہے کیا غلط، اس وقت کی خاتون اول سے ایسی کوئی گفتگو نہیں ہوئی، گفتگو کے الفاظ کہیں اور سے لے کر آڈیو بنائی گئی ہے، دعوے سے کہتا ہوں فارنزک سے پتہ چل جائے گا کہ آڈیو ٹیمپرڈ ہے۔
انہوں نے کہا کہ شفیق سے بڑی کوشش کی بات کرنے کی رابطہ نہیں ہوا، میرے علم کے مطابق شفیق نے گھڑی خریدی، اسے ایف آئی اے نے اٹھایا تو اس پر دباؤ ڈالا گیا، وہ اب ملک سے فرار ہے۔
ذلفی بخاری نے کہا کہ جن لوگوں نے 20 ملین ڈالر میں گھڑی خریدنے کا دعویٰ کیا، انہیں کام پر آنے سےمنع کر دیا گیا۔
Comments are closed.