کراچی میں سالِ نو کے موقع پر شہریوں کو ساحل سمندر پر جانے کی اجازت ہوگی، تمام راستے کھلے رہیں گے جبکہ ساحل اور اطراف کے علاقوں میں کاروبار 8 بجے بند کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ زبیر نذیر شیخ کے مطابق کلفٹن میں سی ویو، دو دریا، کھڈا مارکیٹ، بوٹ بیسن میں رات 8 بجے سے تمام دکانیں بند رہیں گی تاہم بیکری اور میڈیکل اسٹورز کھلے رہیں گے۔
ایس ایس پی ساؤتھ زبیر نذیر نے فون پر بتایا کہ کل عام شہریوں کو سی ویو جانے کی اجازت ہوگی، ماضی کی طرح راستے کنٹینرز لگاکر بند نہیں کئے جارہے ہیں تاہم بغیر سائلنسر گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چلانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
ڈی ایچ اے کے رہائشیوں کو شناختی کارڈ چیک کروا کر آگے جانے کی اجازت دی جائے گی، سی ویو کے اطراف شہریوں کو غیر ضروری طور پر جمع نہیں ہونے دیں گے، سی ویو کی جانب آنے والوں کے لیے ٹریفک پولیس کی متبادل راستوں کا ہدایت نامہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
زبیر نذیر شیخ کے مطابق ہلڑ بازی کرنے والے منچلوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا، ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو فوری گرفتار کرنے کے احکامات ہیں، شہری خود بھی احتیاط کریں اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کی نشاندہی کریں۔
Comments are closed.