ساف کپ کی انتظامیہ نے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی درخواست پر بدھ کو ساف کپ میں شیڈولڈ پاک بھارت میچ ری۔شیڈول کرنے سے معذرت کرلی۔ پاکستان ٹیم کو بنگلور پہنچنے کے 12 گھنٹے کے اندر میچ کےلیے ایکشن میں ہونا پڑے گا۔
پاکستان فٹبال ٹیم بھارتی ویزے ملنے میں تاخیر کی وجہ سے بروقت بنگلور نہیں پہنچ پائی تھی۔ قومی ٹیم منگل کی شام ماریشس سے روانہ ہوئی اور وہ بدھ کی صبح آٹھ بجے بنگلور پہنچے گی جہاں پہنچنے کے چند گھنٹوں بعد ہی اسے بھارت کے خلاف میچ کےلیے میدان میں اترنا ہوگا۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن نے اس سے قبل ویزا میں تاخیر اور لاجسٹک مسائل کی بنیاد پر ساف کپ کی انتظامیہ سے درخواست کی تھی کہ ایونٹ میں بدھ کو ہونے والا پاک بھارت میچ ری۔شیڈول کرلیا جائے تاہم تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ساف انتظامیہ نے ایسا کرنے سے معذرت کرلی اور کہا کہ ایک میچ ری۔شیڈول کرنے کی وجہ سے پورے ٹورنامنٹ پر اثر پڑ سکتا ہے۔
اس سے قبل پاکستان فٹبال ٹیم کو اتوار کی صبح بنگلور کےلیے روانہ ہونا تھا مگر اسے وقت پر ویزے نہیں مل سکے تھے جس کی وجہ سے پاکستان ٹیم طے شدہ پروگرام کے مطابق انڈیا نہیں پہنچ سکی۔
Comments are closed.