سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کی رہائش گاہ پرکریکرحملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں سیکیورٹی پر مامور دو پولیس اہلکارمعمولی زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی جانب سے پھینکا گیا کریکر سابق چیف جسٹس کے گیراج میں گرا اور وہاں کھڑی گاڑی کو نقصان پہنچا۔ دھماکے سے کھڑکیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سابق چیف جسٹس کے اہلخانہ محفوظ ہیں، پولیس کانسٹیبل عامر اور کانسٹیبل خرم معمولی زخمی ہوئے، آئی جی پنجاب نے واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کرنے کا حکم دے دیا۔
ثاقب نثار کچھ دیر پہلے گھر پہنچے تھے، سیکریٹری
دوسری جانب سابق چیف جسٹس کے سیکریٹری میاں آصف کا کہنا ہے کہ دھماکے سے گیراج میں کھڑی ثاقب نثار کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا، سابق چیف جسٹس کچھ دیر پہلے اسی گاڑی میں گھر پہنچے تھے، یہ گاڑی ریٹائرمنٹ کے بعد سابق چیف جسٹس کو سرکاری طور پر ملی تھی۔
آئی جی پنجاب نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی
انسپکٹر جنرل ( آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور سے رپورٹ طلب کرلی۔ آئی جی پنجاب نے دھماکے میں زخمی اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، ایس ایس پی آپریشنز سمیت سینئر پولیس افسران موقع پر موجود ہیں۔
Comments are closed.