سابق وفاقی وزیرِ خزانہ عبد الحفیظ شیخ کے خلاف ریفرنس واپس احتساب عدالت کراچی کو موصول ہو گیا۔
نیب ذرائع نے بتایا ہے کہ عبدالحفیظ شیخ پر قومی خزانے کو 11.1 ملین ڈالرز کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
نیب ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سابق وفاقی وزیرِ خزانہ عبد الحفیظ شیخ پر پورٹ قاسم سمیت دیگر پورٹس کے لیے سافٹ ویئر کی تیاری کی مد میں کرپشن کا الزام بھی ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ 15 ستمبر کو سابق چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل آخری دن آخری کیس کا فیصلہ سنایا تھا جس میں نیب ترامیم کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے نیب ترامیم کی کئی شقیں کالعدم قرار دے دی تھیں۔
سپریم کورٹ نے 50 کروڑ روپے کی حد سے کم ہونے پر ختم ہونے والے تمام مقدمات بحال کر دیے تھے اور تمام کیسز احتساب عدالتوں میں دوبارہ مقرر کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالتِ عظمیٰ کے حکم پر ملک بھر کی احتساب عدالتوں کو نیب کی جانب سے ریفرنسز واپس بھیجے جا رہے ہیں۔
Comments are closed.