بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سابق مِس امریکہ کی 30 سال کی عمر میں ’خود کشی‘: ’وہ روشنی کی طرح تھی‘

سابق مِس امریکہ کی 30 سال کی عمر میں ’خود کشی‘: ’وہ روشنی کی طرح تھی‘

سابق مس امریکہ چیلسی کرئسٹ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشن

سابق مس امریکہ چیلسی کرئسٹ

سابق مس امریکہ چیلسی کرئسٹ نے مبینہ طور پر خود کشی کر لی ہے۔ وہ ایک مشہور ٹی وی شخصیت ہونے کے ساتھ ساتھ وکیل بھی تھیں۔

ان کے خاندان نے ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔ پولیس کے مطابق انھیں نیو یارک سٹی میں اتوار کی صبح مردہ حالت میں پایا گیا۔

چیلسی کرئسٹ نے سنہ 2019 میں مس یو ایس اے مقابلہ جیتا تھا۔ بطور وکیل وہ ایسے قیدیوں کے کیسز لڑتی تھیں جن کے بارے میں خیال کیا جاتا تھا کہ اُن کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔

ان کے خاندان کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ چیلسی کے موت پر ہم شدید کرب اور غم کا شکار ہیں۔ چیلسی کے خاندان میں ان کے والدین سمیت پانچ بھائی اور بہنیں شامل ہیں۔

’وہ روشنی کی طرح تھی‘

ان کا کہنا تھا کہ ’وہ (چیلسی) روشنی کی طرح تھیں جو دنیا بھر میں لوگوں کے لیے مشعل راہ تھیں جو اُن کی خوبصورتی اور طاقت سے متاثر تھے۔‘

چیلسی کے خاندان نے بیان میں کہا گیا ہے کہ اُن کی زندگی کا مقصد محبت اور دوسروں کی خدمت تھا اور بطور وکیل، ٹی وی ہوسٹ اور مس یو ایس اے انھوں نے ہمیشہ دوسروں کے کام آنے کی کوشش کی۔

نیو یارک سٹی پولیس کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ چیلسی کی لاش اتوار کی صبح ملی اور ان کی موت بظاہر خودکشی لگ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

اپنی موت سے کچھ ہی وقت قبل چیلسی نے اپنے انسٹا گرام اکاؤئنٹ پر ایک تصویر شیئر کی جس کے ساتھ انھوں نے یہ تحریر لکھی کہ ’میری دعا ہے کہ یہ دن آپ کے لیے آرام اور امن لے کر آئے۔‘

ماضی میں چیلسی اکثر ذہنی صحت کے بارے میں بات کرتی تھیں اور ان کا کہنا تھا کہ انھیں ذہنی صحت کے ماہرین کی مدد سے کافی فائدہ بھی ہوا ہے۔

چیلسی یونیورسٹی کے زمانے میں ایتھلیٹ بھی رہی تھیں اور سنہ 2019 میں انھوں نے ’ایکسٹرا‘ کے لیے بطور نامہ نگار کام کرنا شروع کیا تھا۔

ایکسٹرا شو کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چیلسی ناصرف اس شو کا ایک اہم حصہ تھیں بلکہ یہ ایک خاندان تھا جس کا وہ حصہ تھیں جنھوں نے پورے سٹاف کا دل موہ رکھا تھا۔

واضح رہے کہ چیلسی کی سنہ 2019 میں بطور مس یو ایس اے جیت ایک تاریخی موقع تھا کیوں کہ اس سال امریکہ میں منعقد ہونے والے تینوں بڑے بیوٹی مقابلے جیتنے والی خواتین کا تعلق سیاہ فام برادری سے تھا۔

چیلسی کرئسٹ

،تصویر کا ذریعہGetty Images

BBCUrdu.com بشکریہ
You might also like

Comments are closed.