سابق بھارتی ٹیسٹ کرکٹر وریندر سہواگ نے بھی پاکستانیوں کی مہمان نوازی کی تعریف کردی۔
وریندر سہواگ نے ایک ویب شو میں انٹرویو کے دوران 2003ء میں کیے گئے بھارتی کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کے بارے میں بات کرتے ہوئےکہا کہ وہاں پاکستانی عوام نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ جب ہم نے 2003ء میں پاکستان کا دورہ کیا تو ہمیں پاکستانی عوام کی طرف سے بہت پیار ملا۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں دوسرے ٹیسٹ سے پہلے ہم خریداری کے لیے گئے تو میں نے مقامی بازار سے اپنے خاندان کے لیے 30 سے 35 پاکستانی سوٹ خریدے لیکن دکاندار نے مجھ سے یہ کہہ کر پیسے لینے سے انکار کر دیا کہ میں مہمان ہوں اور وہ اپنے ملک میں آئے مہمان سے پیسے نہیں لے سکتا۔
وریندر سہواگ نے کہا کہ ’ہمیں پاکستان میں ہر جگہ ایسا ہی پیار ملا جسے دیکھ کر ہم جذباتی ہوگئے‘۔
اُنہوں نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ’وہاں کے لوگوں کی تقسیمِ ہند سے قبل بھارت سے جُڑی یادیں سن کر ہماری آنکھوں میں آنسو آگئے تھے‘۔
یاد رہے کہ بھارت نے 2003ء میں 5 ون ڈے انٹرنیشنل (ODI) اور 3 ٹیسٹ کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
اس دورے پر بھارت نے ون ڈے سیریز 3-2 اور ٹیسٹ سیریز 2-1 سے جیت لی تھی۔
Comments are closed.