بدھ 9 ذوالحجہ 1444ھ28؍جون 2023ء

سابق ایم پی اے چوہدری عدنان کا تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری عدنان نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کےد وران چوہدری عدنان نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں ، میرے اوپر کوئی ایف آئی آر نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو اصل دشمن کے عزائم کو تقویت ملی، جو لوگ ان واقعات میں ملوث ہیں، ان کو سزا ملنی چاہیے۔

سابق ایم پی اے نے مزید کہا کہ 26 اپریل کو آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا تھا، ہم نے بہت سارے آفرز کو ٹھکرا کر مقصد کے تحت ایک رہنے کا اعادہ کیا۔

اُن کا کہنا تھاکہ کئی بار چیئرمین پی ٹی آئی سے ون ٹو ون ملاقاتیں ہوئیں، ریاستی اداروں کے خلاف لابنگ شروع ہوئی تو پارٹی سے اختلاف کیا۔

چوہدری عدنان نے یہ بھی کہا کہ پنڈی شہر کے لوگوں نے ووٹ اس لیے دیا تھا کہ ہم اداروں کے ساتھ اچھے تعلق رکھ رہے تھے، کوئی محب وطن اداروں پر حملے برداشت نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ گڑھے میں گرنے سے بچا جاسکتا ہے لیکن کھائی میں گرنے سے کوئی نہیں بچا سکتا، ہم نے اس ملک کو کرائسز سے نکالنا تھا۔

سابق ایم پی اے کا کہنا تھا کہ مافیاز کو میرے کام پسند نہیں تھے، میں نے پنجاب پارلیمانی ریونیو میں رہ کر آواز اٹھائی۔

اُن کا کہنا تھا کہ آج عوام دلدل اور معاشی بحران میں ہے، ہمیں یکجہتی سے قومی فیصلے کرنے کی ضرورت ہے، تمام جماعتوں کو قومی یکجہتی سے اکٹھا ہو کر عوام کا سوچنا چاہیے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.