کراچی کے علاقے سائٹ انڈسٹریل ایریا میں بجلی سپلائی کے لیے قائم کے الیکٹرک کا سب اسٹیشن دھماکے سے تباہ ہوگیا، دھماکے سے دیواریں منہدم ہوگئیں جبکہ ملحق دفتر کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کیماڑی فدا حسین جانوری کے مطابق یہ کلیئر نہیں ہوسکا کہ دھماکا سب اسٹیشن کے اندر ہوا یا اس کے ساتھ ملحق پلاٹ کا زیر زمین ٹینک گیس بھرنے کی وجہ سے پھٹا، وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور کے الیکٹرک کا عملہ معائنے کے بعد صورتحال سے آگاہ کرے گا۔
پولیس کے مطابق سائٹ میں ولیکا چورنگی کے قریب آج صبح زوردار دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے سے کے الیکٹرک کے سب اسٹیشن کی دیواریں منہدم ہوگئیں جبکہ متصل دفتر میں آگ لگ گئی اور اسے بھی شدید نقصان پہنچا۔
دھماکے کی اطلاع پر ایدھی فاؤنڈیشن کا عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچا جبکہ پولیس کے مطابق دھماکے سے کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
فائر بریگیڈ کو بھی موقع پر طلب کیا گیا تھا تاہم آگ اس وقت تک بجھ چکی تھی جسے مزید بھڑکنے سے بچایا گیا۔
پولیس کے مطابق بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کیا گیا ہے جبکہ کے الیکٹرک کا عملہ بھی معائنہ کر رہا ہے، رینجرز اور پولیس بھی موقع پر موجود ہے۔
پولیس کا ابتدائی خیال ہے کہ دھماکا شارٹ سرکٹ کی وجہ سے حادثاتی طور پر ہوا تاہم یہ بھی خیال کیا جا رہا ہے کہ ساتھ کے پلاٹ کا زیر زمین ٹینک گیس بھرنے کی وجہ سے پھٹ گیا، دھماکے کی وجہ حتمی طور پر بم ڈسپوزل اسکواڈ اور کے الیکٹرک کا عملہ تحریری رپورٹ میں بتائے گا۔
Comments are closed.