پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور ان کے بیٹوں کی سولہ ارب روپے کی چوری پکڑی گئی ہے، زرداری کی چوری تو 100 ارب سے بھی زیادہ ہے۔
بہاولپور میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جب ملک میں کرپشن ہوتی ہے تو باہر سے سرمایہ کاری نہیں آتی اور ملک ترقی نہیں کرتا، ملک کے تمام چوروں نے جو چوری کی اُن سب سے زیادہ شہباز شریف اینڈ سنز نے چوری کی ہے، ملک میں انصاف آئے گا تو کرپشن ختم ہوگی، انصاف کا نظام آئے گا تو ملک ترقی کرے گا۔
عمران خان نے کہا کہ ہمارے دور میں فضل الرحمان اور کانپیں ٹانگنے والے بلاول نے بھی لانگ مارچ کیا تھا، ہم نے تو کسی کو نہیں روکا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ملک میں بڑے بڑے ڈاکوؤں کو ایک سازش کے تحت مسلط کیا گیا ہے، زرداری اور شریف خاندان ایک مافیا ہے یہ جمہوری لوگ نہیں ہیں، پاکستان پر جن چوروں اور مافیاز کا قبضہ ہے ہمیں اکٹھے ہوکر ان مافیاز کے خلاف انصاف کا انقلاب لانا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں اب ہمارا جہاد انصاف کا ہے، قانون کی حکمرانی کا مطلب انصاف کی فراہمی ہے، جنگل میں طاقت کا قانون ہوتا ہے انصاف نہیں ہوتا، اگر ہم انصاف قائم کردیں تو ملک ترقی کرلے گا، وہ قومیں تباہ ہوجاتی ہیں جہاں قانون طاقتور کو نہیں پکڑتا۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ 26 سال سے کرپشن کے خلاف جنگ لڑ رہا ہوں، بنانا ری پبلک وہی ہوتی ہے جہاں قانون نہیں ہوتا، غریب ملکوں سے صاحب اقتدار دولت باہر منتقل کرتے ہیں، ہر سال ایک ہزار 700 ارب ڈالرز غریب ملک سے امیر ملکوں میں جاتے ہیں، جب تک بڑے ڈاکوؤں کو قانون کے نیچے نہیں لائیں گے وہ ملک نہیں بچ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ 25 مئی کو ہم کیا کر رہے تھے جو اتنا بڑا کریک ڈاؤن کیا گیا؟ ہم نے اپنے دور میں نہ لانگ مارچ میں رکاوٹ ڈالی نہ ایف آئی آرز کاٹیں، مجھ پر اب تک 16 ایف آئی آرز کاٹی گئیں، لبرٹی چوک میں ہم پر شیلنگ کی گئی، آئین مجھے پر امن احتجاج کرنے کا حق دیتا ہے۔
Comments are closed.