بدھ 9؍رجب المرجب 1444ھ یکم؍فروری 2023ء

زرداری پر الزامات، شیخ رشید اپنے بیان پر قائم

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میں اپنے بیان پر قائم ہوں، عمران خان درست کہتا ہے آصف زرداری اسے قتل کروانا چاہتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے سلسلہ وار ٹوئٹس میں شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کی جان کو شدید خطرات ہیں، ان کا منصوبہ عمران خان کو نااہل اور مائنس کرنا ہے۔

انہوں نے کہاکہ 16وزارتوں میں کچھ نہ ملا تو حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر آ گئی۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میرے وکیل نعیم حیدر نے تھانے میں بیان جمع کرا دیا جو پولیس لینے سے انکاری ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پولیس کی پوری کوشش ہے کہ مجھے ہر حال میں گرفتار کیا جائے، پہلے لال حویلی پر قبضہ کیا جو ہماری ذاتی ملکیت ہے ہائی کورٹ نے قبضے کو ختم کردیا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی طرف سے مجھے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا، میرے وکیل سردار رازق، نعیم حیدر اور انتظار حسین ہیں، باقی پولیس کی طرف سے میرے خلاف میڈیا ٹرائل کروایا جا رہا ہے۔

پولیس نے 2 روز قبل سابق صدر آصف علی زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے الزام کے بیان پر اسلام آباد پولیس نے شیخ رشید کو طلب کیا تھا۔

سابق صدر آصف علی زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے الزام کے بیان پر اسلام آباد پولیس نے شیخ رشید کو طلب کر لیا۔

واضح رہے کہ راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ میرے پاس ثبوت ہیں آصف زرداری نے دہشت گردوں کو ہائر کیا ہے، زرداری نے عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کر رکھی ہے۔

انہوں نے کہا تھاکہ میری اور لال حویلی کی سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے، مجھے کچھ ہوا تو رانا ثناء اللّٰہ، شہباز شریف اور آصف زرداری ذمہ دار ہوں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان سے تفصیلی بات چیت کی ہے، آرمی چیف کو کہتا ہوں زرداری نے عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کر رکھی ہے، آرمی چیف سے گزارش ہے وہ کسی افسر کو بھیجیں اسے تفصیلات بتاؤں گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.