پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ زرداری اور شریف فیملی پاکستان کو محکوم بنانے کی سازش کر رہے ہیں، ہم ان کی اس کوشش کو مکمل روکیں گے، جس حد تک پاکستان سے انکی جان چھڑانے کیلئے جانا پڑے گا جائیں گے۔
سابق وزیر فواد چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ بلاول نے اسمبلی میں سیاسی گفتگو کی، اسکی کوئی اہمیت نہیں،زرداری فیملی پیپلز پارٹی کےلیے خطرہ تھی،اب پاکستان کے لیے بھی خطرہ بنتی جارہی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ ایک مشن پرہیں جس سے پاکستان کو معاشی طور پر شدید نقصان پہنچایا جائے، معاشی طور پر پاکستان کو تباہ و برباد کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر تباہ کرکے سری لنکا ماڈل بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں، پاکستان غیر ملکی طاقتوں کے قبضےمیں چلا جائے، بلاول بھٹو اس پراجیکٹ کے سرخیل ہیں۔
سابق وزیر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے اپنے آپ کو این آر او دیا،جو پاکستان کی معیشت کیساتھ کھلواڑ کر رہے ہیں ان کی باتوں کی کیا اہمیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات سے پہلے اصلاحات الیکشن میں تاخیر کا ایک بہانہ ہے، اصلاحات ابھی تک پیش ہی نہیں کی گئیں، یہ دو ہفتے کے مہمان ہیں، جو کرنا ہے دو ہفتوں میں کر لیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اس وقت پیپلز پارٹی کی موجیں ہیں،معیشت کے فیصلوں، گورنر سے متعلق ن لیگ تنقید کا نشانہ بن رہی ہے، یہ لوگ چاہتے ہیں وزاتوں کے مزے بھی لیں، پروٹوکولز بھی انجوائے کرتے رہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کی معیشت نہیں چل رہی، بحران کا شکار ہوچکی، ہم نے سوچا ہے ملک کو اس بحران سے کیسے باہر نکالا جائے، یہ سیٹ اپ دو ہفتے سے زیادہ برقرار نہیں رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ الیکشن کمیشن کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، موجودہ چیف الیکشن کمشنر کے ہوتے الیکشن متنازع ہوں گے،چیف الیکشن کمشنر کو ہٹانے کے لیےہم ان کے ساتھ بیٹھیں گے۔
سابق وزیر کا کہنا تھا کہ اس کے بعد صاف شفاف الیکشن کی طرف جائیں گے یہی واحد حل ہے،بلاول پہلے اپنی پوزیشن کلیئر کریں کہ وہ امریکا کی خواہش پر وزیر خارجہ بنائے گئے ہیں۔
Comments are closed.