بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

” ریلیف آپریشن کے ساتھ اہل کراچی کے حقوق کی جدو جہد جاری رکھیں گے “ حافظ نعیم

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی سیلاب زدگان کی امداد و بحالی اور آبادی کاری کے لیے جاری ریلیف آپریشن کے ساتھ ساتھ اہل کراچی کے مسائل کے حل اور حقوق کی جدو جہد بھی جاری رکھے گی۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ  اہل کراچی مبارکباد کے مستحق ہیں کہ شہر کے تباہ و برباد ہونے اور سنگین مسائل و مشکلات کے باوجود سیلاب زدگان کے لیے دل کھول کر مدد کر رہے ہیں۔ کراچی کے عوام بجلی، پانی، ٹرانسپورٹ اور سڑکوں کی خستہ حالی سمیت بے شمار مسائل کا شکار ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ  کے الیکٹرک مافیا کو کوئی لگام دینے پر تیار نہیں، سپریم کورٹ کے 28اگست کو بلدیاتی انتخابات کروانے کے واضح احکامات کے باوجود سندھ حکومت اور صوبائی الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے انتخابات ملتوی کر دیئے ہیں، ہم نے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط ارسال کیا ہے اور اپیل کی ہے کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کو مسلسل التواء میں رکھنے پر از خود نوٹس لیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ ہمارا چیف الیکشن کمیشن  سے بھی مطالبہ ہے کہ کراچی میں فی الفور بلدیاتی انتخابات کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے تاکہ تین کروڑ سے زائد عوام اپنے بلدیاتی نمائندے اور میئر منتخب کر سکیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک کی لوٹ مار اور ظلم کی انتہا ہو گئی ہے، وفاقی حکومت نیپرا اور کے الیکٹرک کے شیطانی تکون نے اہل کراچی کو لوڈشیڈنگ، اووربلنگ، فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بھاری بلوں کے عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ کلاء بیک کی مد میں کراچی کے صارفین کے 50ارب روپے کے الیکٹرک کے ذمہ واجب الادا ہیں لیکن کوئی حکومت و حکمران پارٹی کراچی کے عوام کو یہ رقم واپس دلوانے اور کے الیکٹرک کے اس عذاب سے نجات نہیں دلواتی۔

انہوں نے کہاکہ  ہم نے سندھ ہائی کورٹ میں اس حوالے سے پٹیشن دائر کی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ اور 15سال کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے، کے الیکٹرک کی دہشت گردی ختم کرائی جائے، وفاقی و صوبائی حکومتوں کی نا اہلی، بے حسی اور کرپشن نے کراچی کو تباہ و برباد کیا ہے۔

You might also like

Comments are closed.