ریئر ایڈمرل میاں ذاکر اللّٰہ جان نے کراچی میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں کمانڈر کراچی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ تقریب میں وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے کمان نئے تعینات ہونے والے کمانڈر کراچی کے حوالے کی۔
بطور کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل میاں ذاکر اللّٰہ جان کراچی میں قائم پاک بحریہ کے تمام تربیتی یونٹس کے انچارج ہوں گے۔
ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ریئر ایڈمرل میاں ذاکر اللّٰہ جان نے 1990 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔
ریئر ایڈمرل میاں ذاکر اللّٰہ جان ایک شاندار کیریئر کے حامل ہیں اور متعدد کمانڈ اینڈ اسٹاف عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔
ان کی کمانڈ تعیناتیوں میں کمانڈنگ افسر 27 اسکواڈرن، ہیڈ کوارٹر نیو سینٹ بحرین میں این 3 (ایئر)، ہیڈ آف پی تھری سی مشن امریکا، ڈائریکٹر نیول ایوی ایشن اور پراجیکٹ ڈائریکٹر ایگل فورٹ شامل ہیں۔
انہوں نے بطور اسسٹنٹ چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنل پلانز)، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں ڈائریکٹنگ اسٹاف، وزارت دفاعی پیداوار میں ڈائریکٹر جنرل ڈیفنس پرچیز، چیف اسٹاف آفیسر ٹو کمانڈر پاکستان فلیٹ، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ایڈمن) اور نیول سیکریٹری بھی اپنے فرائض انجام دیے۔
کمانڈر کراچی کے عہدے پر فائز ہونے سے قبل وہ نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ پرسنیل) کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے تھے۔
ریئر ایڈمرل میاں ذاکر اللّٰہ جان نے پاکستان نیوی وار کالج سے وار اسٹڈیز میں گریجویشن اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار اسٹڈیز میں ایم ایس سی کی ڈگری حاصل کی۔
انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی امریکا سے بھی نیشنل سیکیورٹی اینڈ ریسورسز اسٹریٹجی میں بھی ایم ایس کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔
ریئر ایڈمرل میاں ذاکر اللّٰہ جان کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں ہلال امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی) کے مطابق تبدیلی کمان کی تقریب میں ریئر ایڈمرل میاں ذاکر اللّٰہ جان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور زیر کمان یونٹس کے کمانڈنگ افسران سے ان کا تعارف کروایا گیا۔
تقریب میں پاک بحریہ کے افسران، سی پی اوز / سیلرز اور سویلینز نے شرکت کی۔
Comments are closed.