آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رکی پونٹنگ نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی ٹیسٹ کرکٹ میں بھی حکمرانی کے حوالے سے پیشگوئی کی ہے۔
انہوں نے حال ہی میں آئی سی سی گفتگو میں کہا کہ بابر اعظم ٹیسٹ کرکٹ کے بھی ایک اچھے بیٹر ہیں۔
رکی پونٹنگ نے کہا کہ یہ وقت کی بات ہے کہ بابر اعظم کب ٹیسٹ فارمیٹ کے بھی نمبر ون بیٹر بنتے ہیں لیکن مجھے یقین ہے کہ ایسا ایک دن ضرور ہوگا۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون بابر اعظم کا آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں اس وقت نواں نمبر ہے۔
رکی پونٹنگ نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ بابر اعظم کیلئے آسمان اُن کی حد ہے ، وہ جہاں قدم رکھتے ہیں دنیا اُن کی ہوجاتی ہے، اگر بابر پچھلے دو برسوں میں ٹیسٹ کرکٹ زیادہ کھیلتے تو یقیناً ابھی نمبر ون ہوتے۔
رکی پونٹنگ نے بابر اعظم کو آسٹریلیا سیریز کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں نے جب 2019 میں بابر اعظم کو برسبین کی باؤنسی پچ پر ہیزل ووڈ، اسٹارک اور کمنز کے خلاف شاٹس کھیلتے دیکھا تھا تو اس نوجوان کرکٹر نے مجھے اپنے سحر میں جکڑ لیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کرکٹ آسٹریلیا نے بورڈ میٹنگ کے بعد دورہ پاکستان کی باضابطہ تصدیق کی تھی، آسٹریلین ٹیم 1998کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔
جمعے کو پی سی بی نے دورے کے نئے شیڈول کا اعلان کیا ، دورہ اب کراچی کے بجائے پنڈی سے شروع ہوگا اور پنڈی ہی میں ختم ہوگا۔
آسٹریلوی ٹیم 4سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی، چاروں وائٹ بال میچز لاہور کی بجائے راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
کینگروز 5 اپریل کو راولپنڈی میں آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل کر وطن لوٹ جائینگے۔
دوسرا ٹیسٹ 12 سے 16 مارچ تک کراچی اور تیسرا 21 سے 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔ مقامات میں تبدیلی یوم پاکستان کی ریہرسل اور لاجسٹک وسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔
دونوں بورڈز نے اتفاق کیا ہے کہ مہمان ٹیم بذریعہ چارٹرڈ پرواز اسلام آباد پہنچے گی، آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد انہیں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔
Comments are closed.