ہفتہ10؍شوال المکرم 1442ھ 22؍ مئی 2021ء

رویت ہلال کمیٹی کا چاند نظر آنے سے متعلق فیصلہ بالکل درست ہے ، علامہ طاہر اشرفی

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی اور متحدہ علما کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ چیئرمین مولاناعبدالخبیرآزاد کی سربراہی میں رویت ہلال کمیٹی نے ماہِ شوّال 1442 ہجری کے چاند نظر آنے سے متعلق فیصلہ بالکل درست کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی کہا کہ آج کے چاند کو دیکھ کر ثابت ہوتا ہے کہ رویت ہلال کمیٹی کا گزشتہ روز کا فیصلہ درست تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ رویت ہلال کمیٹی کے پاس تاخیر سے پہنچنے والی شہادتوں کو شرعی ہدایت کے مطابق دیکھا گیا اور اسی وجہ سے چاند کے اعلان میں تاخیر ہوئی تھی۔

علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ آج کے چاند کو دیکھ کر یہ ثابت ہوتا ہے کہ کسی کا روزہ قضا نہیں ہوا اور نہ ہی کسی کو دوبارہ اعتکاف کرنا ہے۔

دوسری جانب وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے 2 شوال کے چاند کی تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شیئر کردیں۔

وزارت کی جانب سے شیئر کردہ تصاویر کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ اسلام آباد، لاہور، پشاور سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں 2 شوّال المکرم کے چاند کا مشاہدہ لاکھوں لوگوں نے کیا ہے جبکہ قوم مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے گزشتہ روز کے فیصلے کو سراہا رہی ہے۔

You might also like

Comments are closed.