روٹرڈیم شہر جیف بیزوس کی کشتی کو گزارنے کے لیے تاریخی پل عارضی طور پر اتار دے گا
ہالینڈ کے شہر روٹرڈیم کی انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ امریکی کمپنی ایمازون کے بانی اور دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک جیف بیزوس کی سپر یاچ کشتی کے گزرنے کے لیے ایک تاریخ پل کو ہٹا دیں گے۔
یہ انتہائی پرتعیش کشتی پالینڈ کی ایک کمپنی اوشیانو بنا رہی ہے اور اسے گذشتہ سال جیف بیزوس سے منسلک کیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق یہ کشتی 417 فٹ لبمی ہے اور کننگشیون پل کے نیچے سے گزرنے کے لیے اس کا قد بہت زیادہ ہے۔
شہر کے مئیر کے ترجمان نے صحافیوں کو اس پلان کی تصدیق کی ہے اور بتایا کہ اس پل کو ہٹانے کے اخراجات اوشیانو کے ذریعے جیف بیزوس خود دیں گے۔
ہالینڈ کے مقامی میڈیا میں منگل کے روز سے اطلاعات گردش کر رہی تھیں کہ شہر کے پل کے وسطی حصے جیسے مقامی زبان میں دی ہیوف کہا جاتا ہے، اس کو عارضی طور پر اتار دیا جائے گا تاکہ 130 فٹ (40 میٹر) اونچی یہ کشتی گزر سکے۔
یہ اقدام قدرے متنازع ہے کیونکہ سٹیل کے بنے اس پل کی تاریخی اہمیت ہے اور اس وقت یہ ایک قومی مونیومنٹ ہے۔ ماضی میں 2014 سے 2017 کے درمیان اس کو ٹھیک کیا گیا تھا اور اس وقت حکام نے کہا تھا کہ اسے دوبارہ نہیں کھولا جائے گا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق میئر کے دفتر کا کہنا ہے کہ اس کشتی کو بنانے سے جو نوکریاں پیدا ہوں گی، اس کی وجہ سے پلان بنایا گیا ہے اور ان کا وعدہ ہے کہ پل کو دوبارہ اس کی موجودہ حالت میں بنا دیا جائے گا۔ میئر کے دفتر کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ سمندر تک جانے کا یہ واحد راستہ تھا۔
روٹرڈیم کی انتظامیہ کے پروجیکٹ لیڈر مارسل والریون نے بھی کہا ہے کہ اس کشتی کو کہیں اور لے جا کر ختم کرنا پریکٹیکل نہیں ہگا۔ انھوں نے رنمونڈ نامی ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ معاشی تناظر سے یہ پروجیکٹ اہم تھا اور انھوں نے روٹرڈیم کی بطور یورپ کے بحری دارالحکومت شہرت کا بھی ذکر کیا۔
انھوں نے کہا کہ کشتی سازی اور اس سے منسلک سیکٹر شہر کا ایک اہم ستون ہے۔
انھوں نے ایک اور اخبار کو بتایا کہ پروجیکٹ موسم گرما میں کیا جائے گا اور حکام کو امید ہے کہ پل کا ایک حصہ چند ہفتوں میں اتار کر واپس لگا لیا جائے گا۔
اوشیانو جو یہ پریعیش کشتی بنا رہا ہے، اس کی تفصیلات گذشتہ سال منظرِ عام پر آئی تھیں۔ کمپنی اپنے گاہکوں کے بارے میں تفصیلات نہیں دیتی مگر جیف بیزوس کی بلومبرگ میں ایک 2021 کی پروفائل سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ ہی اس کشتی کے مالک ہوں گے۔
جریدے بوٹ انٹرنیشنل کے مطابق وائی721 نامی یہ کشتی اپنی قسم کی سب سے بڑی کشتی ہوگی اور اس میں بہت سے لگژری فیچرز شامل کیے جائیں گے جن میں ایک سپورٹ کشتی اور ہیلی پیڈ شامل ہے۔
تاہم شہری انتظامیہ کے اس اقدام کی مقامی سیاستدان سٹیون لوئس نے ٹوئٹر پر تنقید کی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ کسی کے لیے ہمارے ایک خوبصورت مونیومنٹ کو توڑ دینا بہت زیادہ ہے۔
فوربز میگزین کے مطابق ایمازون کے بانی جیف بیزوس کی کل دولت کا تخمینہ 175 ارب ڈالر ہے جو کہ انھیں دنیا کا تیسرا امید ترین شخص بناتا ہے۔
Comments are closed.