روس کے لڑاکا طیاروں نے شام میں امریکی ڈرونز کے سامنے میزائل کو غیر مؤثر کرنے والے شعلے گرائے اور خطرناک حد تک ان کے قریب پرواز کی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق 2 دن کے دوران یہ اس نوعیت کا دوسرا واقعہ تھا۔
امریکی فضائیہ کے مطابق امریکی MQ-9 ڈرون شام میں داعش مخالف مشن انجام دے رہے تھے۔
اس حوالے سے امریکی فضائیہ کا کہنا ہے کہ روسی طیارے نے ڈرونز کے سامنے میزائل کو غیر مؤثر کرنے والے شعلے گرائے اور خطرناک حد تک ان کے قریب سے پرواز کی جس سے اس مشن میں شامل تمام طیاروں کی حفاظت خطرے میں پڑ گئی تھی۔
امریکی لیفٹیننٹ جنرل الیکس گرینکیوچ نے کہا ہے کہ یہ واقعات شام میں کام کرنے والی روسی فضائیہ کے غیر پیشہ ورانہ اور غیر محفوظ سرگرمیوں کی ایک اور مثال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات اتحادی اور روسی افواج دونوں کے تحفظ کے لیے خطرہ ہیں۔
الیکس گرینکیوچ نے مزید کہا کہ ہم شام میں روسی افواج پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس لاپرواہ رویے سے گریز کریں اور ان معیارات پر عمل کریں جن کی ایک پیشہ ورانہ فضائیہ سے توقع کی جاتی ہے۔
اس واقعے سے متعلق امریکی سینٹرل کمانڈ سینٹ کام کے سربراہ جنرل ایرک کوریلا نے کہا کہ روسی فضائیہ کی جانب سے متفقہ معیارات اور طریقوں کی بار بار خلاف ورزیاں اب خطے میں ایک اہم حفاظتی مسئلہ بنتی جا رہی ہیں۔
Comments are closed.