بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

رواں ہفتے 25 اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہوگئیں

رواں ہفتے کے دوران ملک بھر میں مہنگائی کی شرح میں مزید 1 اعشاریہ 10 فیصد کا اضافہ ہوا، جس کے بعد مہنگائی کی مجموعی شرح 15 اعشاریہ 67 فیصد ہوگئی ہے۔

رواں ہفتے زندگی مرغی 23 روپے 59 پیسے اور گھی مزید 5 روپے 15 پیسے فی کلو مہنگا ہوا ہے۔

محکمہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق آٹا، سرسوں کا تیل، مٹن، بیف، دودھ، دہی سمیت 25 اشیاء مزید مہنگی ہوگئیں۔

زندہ مرغی کی فی کلو قیمت 23 روپے 59 پیسے اضافے کے بعد قیمت 302 روپے 8 پیسے فی کلو تک پہنچ گئی۔

گھی 5 روپے 15 پیسے مزید مہنگا، اوسط فی کلو قیمت 466 روپے 95 پیسے پر پہنچ گئی، اس ایک ہفتے کے دوران 25اشیاء کے نرخ بڑھ گئے۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مٹن 5 روپے 80 پیسے فی کلو اور بیف 94 پیسے مہنگا ہو گیا جبکہ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 9 روپے 19 پیسے مہنگا ہو گیا۔

کیلا 4 روپے 43 پیسے فی درجن، تازہ دودھ 78 پیسے، دہی ایک روپے 37 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، حالیہ ہفتے چاول، دال ماش، دال مونگ، خشک دودھ، صابن کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے 9 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ٹماٹر 3 روپے 11 پیسے، لہسن 16 روپے 70 پیسےفی کلو سستا ہوا، انڈوں کی قیمت میں 5 روپے 73 پیسے فی درجن کمی آئی۔

اعدادوشمار کے مطابق چینی 81 پیسے فی کلو، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 39 روپے 35 پیسے سستا ہواجبکہ دال چنا، دال مسور کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے 18 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.