محکمۂ موسمیات کی جانب سے رواں ہفتے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
سرگودھا کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات ہوئی طوفانی بارش سے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
منڈی بہاءالدین کے علاقے ملکوال شہر اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش کے بعد سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں میں تبدیل ہو گئیں، شکر گڑھ میں بارش سے مینگڑی روڈ زیرِ آب آگیا۔
مری اور گرد و نواح میں رات سے موسلا دھار بارش ہونے سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہے، سوات اور لوئر دیر میں بارش سے موسم کافی بہتر ہوگیا ہے۔
مہمند اور گردونواح میں ہلکی بارش سے موسم خوش گوار ہو گیا جبکہ میر پور آزاد کشمیر، منگلا ،پلندری سمیت متعدد علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، راول پنڈی میں چکلالہ ایئر پورٹ پر 169 ملی میٹر اور کچہری میں 88 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسلام آباد کے زیرو پوائنٹ پر 77 ملی میٹر، گولڑہ میں 21 ملی میٹر، سید پور میں 16 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں بارشوں کا سلسلہ ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ بدھ سے جمعہ تک موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
Comments are closed.