ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس پاکستان مصطفیٰ جمال قاضی نے کہا ہے کہ سال 2023 میں اب تک 65 لاکھ پاسپورٹ جاری کیے جاچکے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سال 2027 سے پاکستان میں ای پاسپورٹ کا اجراء لازمی ہوجائے گا۔ اس سلسلے میں تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
کراچی پاسپورٹ آفس کے دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی پاسپورٹس نے کہا ہے کہ حالیہ رائج مشین ریڈایبل پاسپورٹ کو ای پاسپورٹ پر منتقل کرنے کا کام جاری ہے جس کے لیے نیا سسٹم آئندہ 6 سے 7 ماہ میں انسٹال کردیا جائے گا جبکہ سال 2027 میں ای پاسپورٹ لازمی ہو جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطحی ٹاسک فورس افغانیوں کو جاری کیے گئے 12 ہزار پاکستانی پاسپورٹ کی تحقیقات کر رہی ہے۔
مصطفیٰ جمال قاضی نے بتایا کہ پاکستانی پاسپورٹ کے اجراء میں تاخیر کا مسئلہ حل کرلیا گیا ہے۔ پاسپورٹ کی پرنٹنگ کے لیے درکار لیمینیشن پیپر کی وافر مقدار حاصل کرلی گئی ہے جس کے بعد پاسپورٹ کا اجراء معمول پر آگیا ہے۔
Comments are closed.