معروف عالم دین اور پاکستان کی قدیم درسگاہ جامعہ فتحیہ ذیلدار روڈ اچھرہ لاہور کے امام و مدرس حافظ قاری عطاء الرحمٰن یوسف آج کل جاپان میں رمضان المبارک کے دوران تراویح اور دینی خدمات کے لیے موجود ہیں۔
حافظ قاری عطاء الرحمٰن یوسف نے اپنے دینی بیان میں کہا ہے کہ ماہ رمضان کا دوسرا عشرہ شروع ہو چکا ہے، حدیثوں سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ عشرہ مغفرت (اپنے گناہوں کا بخشوانے) کا ہے، یوں توماہ رمضان کے ہرلمحے میں اللّٰہ اپنی رحمت اور مغفرت کی بارش برساتے رہتے ہیں لیکن اس دوسرے عشرے میں گناہوں سے معافی مانگنے والے بندوں کی طرف خصوصی توجہ فرماکر ان کی بخشش فرماتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس لیے ہم سب کو چاہیے کہ اپنے گناہوں سے توبہ کریں اور اللّٰہ سے بخشش طلب کریں کیوں کہ جو اس مبارک مہینے میں بخشا نہ جاسکا اس کے لیے اور کون سا مہینہ ہوسکتا ہے؟ اسی لیے اللّٰہ کے رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے حضرت جبریل علیہ السلام کی اس بدعا پر آمین کہی ہے کہ’ہلاک ہو وہ شخص جسے رمضان کا مہینہ ملے اور وہ اللّٰہ تعالی سے اپنی بخشش نہ کرواسکے۔‘
قرآن وحدیث میں توبہ و استغفار کے بہت سے فضائل وفوائد بیان کیے گئے ہیں، ایک مسلمان کو یوں بھی کثرت سے توبہ واستغفار کرنا چاہیے لیکن رمضان کے مہینے میں تو اس کو اپنا وظیفہ بنالینا چاہیےجس طرح ہم کچھ اوقات تلاوت کے لیے نکالتے ہیں، نوافل کے لیے نکالتے ہیں، اسی طرح کچھ اوقات توبہ واستغفار اور اپنے رب کو منانے کے لیے خاص کرنا چاہیے ـ
عام طور سے لوگ اس کی طرف توجہ نہیں دے پاتے حالانکہ توبہ واستغفار کا اللّٰہ نے حکم دیا ہے۔
حافظ عطا الرحمٰن یوسف نے جاپان میں مقیم تمام پاکستانی مسلمانوں سے درخواست کی اس ماہ رمضان میں اپنی زکٰوۃ سے اپنے غریب رشتہ داروں، پڑوسیوں، یتیموں اور بیواؤں کی دل کھول کر مدد کریں آپ کے یہ اعمال بھی آپ اور آپ کے اہل خانہ کی مغفرت کا سبب بن سکتے ہیں جبکہ جاپان میں آپ اپنے اچھے اخلاق اور کردار سے دین اسلام کا بہترین امیج پیدا کریں تاکہ غیر مسلم جاپانی بھی دین اسلام سے متاثر ہوسکیں۔
Comments are closed.