بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

رفال طیاروں کی نچلی پرواز سے گاؤں کی بجلی منقطع ہو گئی

رفال طیاروں کی نچلی پرواز سے فرانس میں ایک گاؤں کی بجلی منقطع ہوگئی

A French Air Force Rafale fighter jet takes part in a joint military drill in Greece in February 2021

رفال (فائل فوٹو)

فرانس کے جنوب میں دو جنگی رفال طیارے ایک فوجی ٹریننگ کے دوران نچلی پرواز کرتے ہوئے بجلی کی تاروں سے جا ٹکرائے جس سے ایک گاؤں کی بجلی منقطع ہو گئی۔

یہ واقعہ بدھ کی سہ پہر کو مینسک کے قریب واقع گاؤں لُوکاستُولے میں پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق یہ دونوں رفال طیارے وہاں ایک قریبی ایئربیس سے اڑے تھے اور ان کا مقصد کم اونچائی پر پرواز کی تربیت کرنا تھا۔

اس واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس گاؤں کے میئر نے فرانس کے ایک خبر رساں ادارے کو بتایا کہ یہ طیارے انتی کم اونچائی پر پرواز کر رہے تھے کہ ’ان کی آواز نے ہی ایک خوفناک سماں پیدا کر دیا اور جب میں نے مڑ کر دیکھا تو اوپر ایک اور طیارہ بھی موجود تھا۔‘

میئر بینوٹ گوئین اس وقت اپنی کار چلا رہے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ طیارے اتنی کم اونچائی پر تھے کہ ’میں نے اپنے آپ سے کہا: یہ تو بجلی کی تاروں کے نیچے سے گزر گیا‘۔

یہ بھی پڑھیے

اس کے بعد جب میئر مزید آگے بڑھے تو دیکھا بجلی کی تاریں لٹکی ہوئی تھیں۔ ان کے مطابق ایک طیارہ ان تاروں سے ٹکرایا جس سے یہ کٹ گئیں، جس کے بعد انھوں نے فوری طور پر ایمرجنسی سروسز اور بجلی فراہم کرنے والی کمپنی ’ایندس‘ کی ٹیم کو فون کر کے اس واقعے کی اطلاع دی۔

ایک مقامی اخبار کے مطابق بجلی کی تاریں گرنے سے آگ لگ گئی جس پر جلد ہی قابو پا لیا گیا۔

چند گھنٹوں تک گاؤں بجلی سے محروم رہا اور سکیورٹی کی وجہ سے اس گاؤں کی رابطہ سڑک کو بھی بند کر دیا گیا۔

اس واقعے میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ فرانس کی فضائیہ کے ایک ترجمان نے پروانس اخبار کو بتایا کہ اس طیارے کے پائلٹ نے اورینج ایئربیس پر مقامی وقت کے مطابق دو بجکر 11 منٹ پر بحفاظت لینڈنگ کر لی تھی۔ انھوں نے اپنی نوعیت کے اس منفرد واقعے پر دکھ کا اظہار بھی کیا۔

BBCUrdu.com بشکریہ
You might also like

Comments are closed.