
کنزرویٹو پارٹی کے رہنما رشی سونک کے برطانیہ کے وزیر اعظم بننے پر پاکستان کے شہر گوجرانوالہ میں جشن منایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ رشی سونک برطانیہ کے پہلے ہندو وزیراعظم ہونے کے ساتھ اس منصب کو سنبھالنے والے پہلے ایسے رہنما ہیں جن کے دادا دادی کا تعلق پاکستان کے شہر گوجرانوالہ سے ہے۔
سوشل میڈیا پر گوجرانوالہ شہر میں منائے گئے جشن کی ویڈیوز اور تصویریں خوب وائرل ہیں جن میں گوجرانوالہ کے شہریوں کو جشن منانے کے ساتھ رشی سونک کو برطانیہ کا وزیر اعظم بننے پر مبارکباد بھی دی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ 42 سالہ رشی سونک کے والدین پنجابی ہندو ہیں لیکن ان کے دادا دادی پاکستانی پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے تھے جس کے بعد یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ نئے برطانوی وزیراعظم بھارتی اور پاکستانی ہیں۔
رشی سونک کے دادا رام داس سونک 1935 میں کلرک کی نوکری کے لیے گوجرانوالہ چھوڑ کر کینیا چلے گئے تھے۔
دوسری جانب رشی سونک کے والد یشویر سونک نیروبی میں 1949 میں پیدا ہوئے تھے۔
Comments are closed.