پیر19؍رمضان المبارک 1444ھ10؍اپریل 2023ء

رشوت کے بدلے قانون سازی کا الزام، اٹلی کے سابق ایم ای پی کو ہاؤس اریسٹ کرنے کی تیاریاں

یورپین پارلیمنٹ میں رشوت کے بدلے قانون سازی کے بڑے ملزم کو تحقیقات میں تعاون کرنے پر جلد ہی جیل سے ان کے اپارٹمنٹ میں ہاؤس اریسٹ کر دیا جائے گا۔

یہ بات مقامی ذرائع ابلاغ میں شائع شدہ خبروں میں بتائی گئی ہے۔

شائع شدہ تفصیلات کے مطابق یورپین پارلیمنٹ میں گزشتہ سال سامنے آنے والے رشوت کے بدلے میں قانون سازی کے ’ قطری گیٹ‘ کے معروف کردار اٹلی کے سابق ایم ای پی پیئر انتونیو پنزیری کو جلد ہی جیل سے ان کے برسلز میں واقع اپارٹمنٹ میں منتقل کردیا جائے گا۔

بتایا جاتا ہے کہ یہ سہولت انہیں حکام سے تحقیقات میں تعاون کرنے پر فراہم کی جائے گی۔

تاہم اس دوران ان کی نقل و حرکت کی نگرانی کے لئے انہیں ٹخنے میں الیکٹرانک آلہ باندھنا ہوگا۔

اور وہ عدالت میں پیشی اور ڈاکٹر کو دکھانے کے علاوہ کہیں اور نہیں جا سکیں گے۔

پولیس نے انہیں 9 دسمبر کو گرفتار کیا تھاجبکہ اسی اسکینڈل میں یونان سے تعلق رکھنے والی ایوا کیلی ایم ای پی اور بیلجیئم سے تعلق رکھنے والے ممبر یورپین پارلیمنٹ مارک تیرا بیلا ابھی تک زیرحراست ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق انتونیو پنزیری نے بیلجیئن ممبر یورپین پارلیمنٹ مارک ٹیرا بیلا پر تازہ الزام عائد کیا ہے کہ وہ مبینہ طور پر ان سے قطر اور مراکش کے حق میں قانون سازی کی حمایت کے بدلے میں 140000 یورو ( 4 کروڑ 20 لاکھ پاکستانی روپے ) وصول کر چکے ہیں جبکہ باقی ڈھائی لاکھ یورو کی ادائیگی انہیں 2024 میں پارلیمنٹ ٹرم کے اختتام پر ادا کی جانی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.