پیر17؍شوال المکرم 1444ھ 8 مئی 2023ء

رسم تاج پوشی: بادشاہ کو پہلی بار ایک خاتون نے جواہرات سے مزین تلوار پیش کی

تخت نشین ہونے والے بادشاہ کو رسم تاجپوشی میں پہلی بار ایک خاتون نے جواہرات سے مزین تلوار پیش کی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کونسل کی لارڈ صدر اور پورٹسماؤتھ نارتھ ایم پی ’پینی مورڈانٹ‘ (Penny Mordaunt) نے ویسٹ منسٹر ایبے میں ہفتے کو ہونے والی تاجپوشی کے دوران بادشاہ چارلس سوم کو جواہرات سے مزین تلوار پیش کی۔

یہ برطانیہ کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ جواہرات سے مزین تلوار ایک خاتون رکن پارلیمان نے بادشاہ کو پیش کی ہے۔

یہ شاہی تلوار شاہی خاندان کی طاقت، اچھائی اور برائی کے درمیان فرق کی علامت ہے۔

سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارم پر شاہی تقریب کے دوران پہلی بار ایک خاتون کی جانب سے اہم فریضہ انجام دینے پر پینی مورڈانٹ کو مبارک باد اور سراہا جا رہا ہے۔

ایک ٹویٹر صارف نے لکھا کہ ’سیاسی اختلاف قطع نظر Penny Mordaunt واقعی متاثرکن رہیں‘۔

یاد رہے کہ بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے پینی مورڈانٹ نے کہا تھا کہ یہ تلوار بہت بھاری ہے لیکن ماضی میں لی گئی رائل نیوی ریزرو کی تربیت نے انہیں اس قابل بنا دیا ہے کہ وہ اس بھاری تلوار کو اُٹھا لیں گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس شاہی خاندان کی جانب سے انہیں ملکہ الزبتھ دوم کی موت کا باضابطہ اعلان کرنے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.