جنوبی پنجاب کے شہر رحیم یارخان میں گزشتہ ماہ اغواء کیے گئے دونوں پہلوانوں کو بازیاب کرا لیا گیا ہے جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق اغواء کے بعد بازیاب ہونے والے پہلوان 25 سالہ ہاشم خان اور 40 سالہ راحیل چچا بھتیجے ہیں۔
اے ایس پی شاہ زیب کے مطابق بھونگ میں گنے کی فصل میں ڈاکوؤں کی موجودگی پر کارروائی کی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا ہے کہ اغواء کار مغویوں کو ایک سے دوسری جگہ منتقل کر رہے تھے، جس کے دوران ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
اے ایس پی شاہ زیب کا مزید کہنا ہے کہ پولیس نے مقابلے کے بعد 16 روز قبل اغواء کیے گئے دونوں پہلوانوں کو بازیاب کر کے ایک اغواء کار کو گرفتار کر لیا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پولیس نے کارروائی سے قبل 8 سہولت کاروں کو حراست میں لیا تھا، پولیس کا آپریشن جاری ہے، دیگر ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اغوا کیے گئے پہلوان ملاکھڑا کے کھلاڑی ہیں، اہلِ خانہ کے مطابق ہاشم خان اور راحیل خان نجی شوگر مل میں ملاکھڑا کھیلنے گئے تھے کہ لاپتہ ہو گئے تھے۔
دونوں کو تلاش کرنے پر ماہی چوک پر سڑک پر صرف ان کی موٹر سائیکل ملی تھی، اطلاع ملی تھی کہ دونوں کو ڈاکوؤں نے اغواء کر لیا ہے۔
Comments are closed.