جنوبی افریقہ بمقابلہ پاکستان: راولپنڈی کرکٹ ٹیسٹ میں ایڈن مارکرم کی سنچری، پاکستانی بولرز پر وکٹیں لینے کا دباؤ بڑھ گیا
پاکستان کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں 370 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کھیل کے آخری دن جنوبی افریقہ کی ٹیم کی پوزیشن ایڈن مارکرم کی سنچری کی بدولت مضبوط ہو گئی ہے۔
پیر کو جنوبی افریقہ نے کھانے کے وقفے کے بعد تین وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز بنا لیے ہیں جبکہ اسے فتح کے لیے مزید 139 رنز درکار ہیں۔
جنوبی افریقہ نے ٹاپ آرڈر نے پہلی اننگز کے مقابلے دوسری اننگز میں پاکستانی بولرز کا زیادہ ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔
اس وقت کریز پر مارکرم اور ٹیمبا باووما موجود ہیں اور ان دونوں کے درمیان بھی 85 سے زیادہ رنز کی اہم شراکت قائم ہو چکی ہے۔ اوپنر ایڈن مارکرم نے جہاں سنچری مکمل کی ہے وہیں باووما نے بھی نصف سنچری بنائی ہے۔
پانچویں روز کھیل کے آغاز میں پاکستان کو حسن علی نے دو وکٹیں دلوائیں۔ انھوں نے پہلے وین ڈیوسن کو بولڈ کیا جس سے ان کی مارکرم کے ساتھ 94 رنز کی شراکت ختم ہوئی۔ ڈیوسن نے 48 رنز بنائے۔
حسن علی کی اگلی وکٹ فاف ڈوپلیسی بنے جو صرف پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ڈوپلیسی اس سیریز میں قابلِ ذکر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بازی کا فیصلہ کیا تھا اور پاکستان نے پہلی اننگز میں 272 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 201 رنز بنا سکی تھی۔
دوسری اننگز میں پاکستان نے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کے کریئر کی پہلی ٹیسٹ سنچری کی بدولت 298 رنز بنا کر مہمان ٹیم کو فتح کے لیے 370 رنز کا ہدف دیا تھا۔
محمد رضوان نے 15 چوکوں کی مدد سے 115 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ انھوں نے نعمان علی کے ساتھ مل کر نویں وکٹ کے لیے 97 رنز کی اہم شراکت قائم کی تھی۔
نعمان نے رضوان کے برعکس خاصا جارحانہ انداز اپنایا اور پاکستان کو تیزی سے سکور کرنے میں مدد دی۔ انھوں نے چھ چوکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے جارج لنڈے نے زخمی ہونے کے باوجود پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کی پہلی اننگز کے دوران ان کے ہاتھ پر گیند لگی تھی، تاہم وہ انھوں نے زخمی ہاتھ کے ساتھ بولنگ کی اور دوسری اننگز میں عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان کو دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
پاکستان کی ٹیم:
عابد علی، عمران بٹ، اظہر علی، بابر اعظم، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف، حسن علی، تعمان علی، یاسر شاہ، اور شاہین آفریدی
جنوبی افریقہ کی ٹیم:
ڈین ایلگر، ایڈن مارکرم، راس وین ڈیوسن، فاف ڈو پلیسی، ٹیمبا باوما، کوئنٹن ڈی کاک، جارج لد، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا، انریچ نورتہے، اور ویان ملڈر
Comments are closed.