راولپنڈی میں جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں پی ٹی آئی کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے گرفتاری دے دی۔
آج راولپنڈی میں پولیس نے مزید 2 قیدیوں کی وینز کمیٹی چوک پر پہنچا دی تھیں۔
پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان بھی ریلی کی صورت میں کمیٹی چوک پہنچے۔
جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں پی ٹی آئی کے رہنما فیاض الحسن چوہان ازخود قیدیوں کی وین میں جا کر بیٹھ گئے۔
اس موقع پر فیاض الحسن چوہان نے قیدی وین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے گھر والوں کو کہا ہے کہ میری ضمانت نہ کرانا، نہ ہم ضمانتیں کرائیں گے نہ درخواستیں دیں گے۔
فیاض چوہان کے آنے کے بعد کمیٹی چوک پر پی ٹی آئی کارکنان بھی قیدی وین میں بیٹھنے لگے۔
فیاض الحسن چوہان کے ساتھ دیگر 10 پی ٹی آئی کارکنان نے گرفتاری دی۔
پولیس فیاض الحسن چوہان اور پی ٹی آئی کارکنوں کو کمیٹی چوک سے قیدی وین میں لے کر روانہ ہو گئی۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی جیل بھرو تحریک کا آغاز 22 فروری کو لاہور سے ہوا ہے۔
پنجاب میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، اسد عمر، اعظم سواتی، عمر سرفراز چیمہ سمیت متعدد پی ٹی آئی رہنما و کارکن گرفتاری دے چکے ہیں۔
ان تمام رہنماؤں و کارکنان کو گرفتاری کے بعد صوبے کی مختلف جیلوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
Comments are closed.