بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

راولا کوٹ نے مظفر آباد کو ایک رن سے ہرا دیا

کشمیر پریمئر لیگ (کے پی ایل) میں شاہد آفریدی کی راولا کوٹ ہاکس نے محمد حفیظ کی مظفر آباد ٹائیگرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے ہرا دیا۔

کے پی ایل کا ساتواں میچ راولا کوٹ ہاکس اور مظفر آباد ٹائیگرز کے درمیان ڈرامائی انداز میں شروع ہوا، دوسرے ہی اوور میں محمد وسیم جونیئر نے ہاکس کے تین بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھا دی اور ایونٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک بنائی، لیکن پھر احمد شہزاد اور حسین طلعت نے ٹیم کو سنبھال لیا۔

احمد شہزاد 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ حسین طلعت نے 69 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، راولا کوٹ ہاکس کا اسکور 7 وکٹ پر 175 رنز رہا۔

ہدف کے جواب میں مظفر آباد ٹائیگرز کے بیٹسمینوں نے بھی عمدہ بیٹنگ کی، خاص طور پر محمد حفیظ نے 44 اور ذیشان اشرف نے 38 رنز بنا کر ٹیم کی جیت کی امید پیدا کی، صہیب مقصود نے بھی 22 رنز بنائے۔

آخری اوور میں کھیل مزید دلچسپ ہوگیا اور میچ کی آخری گیند پر احمد شہزاد نے سہیل تنویر کا باؤنڈری لائن پر کیچ لے کر راولا کوٹ ہاکس کو ایک رن سے فتح دلا دی۔

اس سے پہلے کھیلے گئے میچ میں میرپور رائلز نے اوورسیز واریئرز کو پانچ وکٹ سے شکست دی تھی۔

واضح رہے کہ مظفر آباد اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ایونٹ کے تمام میچز جیو سوپر سے براہ راست نشر کیے جارہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.