جمعہ یکم ربیع الثانی 1444ھ28؍اکتوبر 2022ء

رانا ثنا کی عمران خان کو غیر مشروط بات چیت کی پیشکش

وزیر داخلہ رانا ثنا اللّٰہ نے  پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو غیر مشروط طور پر بات چیت کی پیشکش کردی۔

 سوشل میڈیا پر سامعین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے عمران خان کو غیر مشروط طور پر پی ڈی ایم قیادت سے بیٹھ کر بات کرنے کی پیشکش کی ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ عمران نیازی اپنا رویہ سیاستدانوں والا رکھے تو پھر بات ہو سکتی ہے، عمران نیازی غیر مشروط طور پر پی ڈی ایم قیادت سے رابطہ کریں، بیٹھ کر بات کریں، عمران خان بیٹھ کر بات کریں اس کے بعد پاکستان کی بہتری کا سامان پیدا ہوگا۔

رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ الیکشن موجودہ اسمبلی کی آئینی مدت پوری ہونے پر ہوں گے، عمران خان کے لانگ مارچ میں 10 سے 12 ہزار کے قریب لوگ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے لانگ مارچ کا جائزہ لینے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، عمران نیازی پرامن احتجاج کرنا چاہیں تو پھر ہمیں حق حاصل نہیں کہ اسے روکیں، اگر یہ اسلام آباد کا محاصرہ کریں گے تو بھرپور طاقت سے روکیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ خان عجیب آدمی ہے جو نہ سیاست کو سمجھتا ہے نہ جمہوریت کو، عمران خان اپنا رویہ تبدیل کرے اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ آکر بیٹھے، ملک سیلاب کی تباہی سے دو چار ہے، معاشی بد حالی ہے، اس پر بات کرے، بہت سے لوگ بجلی کے بلوں پر بھی ناراض ہیں، جب تک ہم عوام کو ریلیف نہیں دیں گے اسی صورتحال کا سامنا رہے گا۔

رانا ثنا نے مزید کہا کہ ہم چاہتے تھے الیکشن میں جائیں، دوسری سیاسی جماعتوں کی جمہوری رائے کے ساتھ جانا پڑا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.