وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے بین الصوبائی نقل و حمل پر نظر رکھنے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کی صدارت میں گندم، چینی، کھاد اور دیگر اشیاء کی اسمگلنگ کی روک تھام سے متعلق اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر تجارت نوید قمر، وزیر خوراک طارق بشیر چیمہ، وزیر صنعت مرتضیٰ محمود، معاون خصوصی طارق محمود پاشا، سیکریٹری داخلہ علی مرتضیٰ شریک ہوئے۔
اجلاس میں چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) عاصم احمد اور وفاقی اور صوبائی اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اشیائے ضروریہ کی ملک سے باہر اسمگلنگ ایک ہنگامی صورتحال کا باعث بن رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسمگلنگ میں ملوث افسران اور عملہ کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔
رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ اداروں کے جوائنٹ آپریشن اور انٹیلی جنس شیئرنگ پر کام کرنا ہوگا،جوائنٹ چیک پوسٹس اور جوائنٹ پٹرولنگ پر عملدرآمد کو جلد سے جلد یقینی بنایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ بارڈر کنٹرول کے نظام کو بھی مزید فعال بنانا ہو گا جبکہ بین الصوبائی نقل وحمل پر بھی نظر رکھی جائے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اشیائے ضروریہ پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم لگائے جانے کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔
Comments are closed.