وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ سے ترک ہم منصب سلیمان سوئے لو نے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
دوران گفتگو ترک وزیر داخلہ نے پاکستان میں سیلاب کی صورتحال کی ترکیہ (ترکی) حکومت کی ہنگامی انسانی امداد پر بات چیت کی۔
سلیمان سوئے لو نے رانا ثناء اللّٰہ سے پاکستان میں سیلاب سے انسانی اور مالی نقصانات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ٹیلیفونک گفتگو میں ترک وزیر داخلہ نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور متاثرین کی امداد کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
اعلامیے کے مطابق وزیر داخلہ نے وزیراعظم کی طرف سے سیلاب زدگان کی ہنگامی مدد پر ترک صدر اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
ترک وزیر داخلہ نے کہا کہ امدادی سامان خصوصی طیارے کے ذریعے پاکستان روانہ کردیا گیا ہے، جس میں خیمے، ادویات اور کھانے پینے کی اشیاء شامل ہیں۔
سلیمان سوئے لو نے مزید کہا کہ 10 ہزار خیمے، 3 ہزار فوڈ باکس اور ایک ہزار بچوں کی خوراک کے ڈبے بھیجے گئے۔
رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ ترکی نے مشکل وقت میں ہمیشہ دل کھول کر امداد کی ہے، ترک صدر اور عوام کے جذبہ انسانی اور پاکستان سے محبت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بارشوں سے ملک میں سیلاب کی صورتحال بہت تشویش ناک ہے، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے انسانی جانوں، املاک اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا۔
وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح انسانی زندگیوں کو بچانا ہے، تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، بین الاقومی برادری کی طرف سے سیلاب زدگان کے لیے ہنگامی امداد پر شکر گزار ہیں۔
Comments are closed.