سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کو اسلام آباد آنے سے کوئی نہیں روک سکتا، رانا ثنا اللّٰہ معاملات ٹھیک کرنے کے بجائے خراب کر رہے ہیں، ایک بھی لاش گر گئی تو یہ بھاگ نہیں سکیں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ پر بات کرنی چاہیے، اسی میں سب کا فائدہ ہے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ لاشیں گریں گی تو سب گھر جائیں گے، جھاڑو پھر جائے گی، یہ اپنی سیاسی قبر کھود رہے ہیں، بیٹھ کر بات کریں اور الیکشن کی تاریخ پر آئیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ ہمیں اپنے احتجاج کو پرامن، قانونی و آئینی رکھنا ہے، دنیا کی کوئی طاقت ہمیں اسلام آباد میں داخلے سے نہیں روک سکتی، عوامی جذبات کی تضحیک کرنے والا ذلیل و خوار ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر بدھ تک گرفتار نہیں ہوا تو ان کا استقبال کروں گا، دنیا میں کوئی چیز پوائنٹ آف نو ریٹرن نہیں ہوتی، ان کا مقصد ہے کہ پرامن طریقے سے معاملات حل ہوں، اچھی بات ہے انہوں نے کہا کہ کسی کا راستہ نہیں روکا جائے گا۔
Comments are closed.