اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کی 58ویں برسی پر دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاک بھارت جنگ کے دوران اپنی بےمثال بہادری سے ملک کے دفاعی نظام کو پامال کرنے کی تمام تر کوششوں کو ناکام بنایا۔
سابق وزیراعظم نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ پوری قوم پاکستانی افواج کے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، قوم کا ہر فرد اور پاکستانی افواج کا ہر بہادر سپوت پاکستان کے دفاع کے لیے اخری سانس تک اپنی جان قربان کرنے کے لیے ہر لمحہ تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج کے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا انمٹ اور نمایاں باب ہیں۔
خیال رہے کہ نشان حیدر میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کا 58واں یومِ شہادت پوری عقیدت اور احترام سے آج منایا جا رہا ہے، اس موقعے پر مساجد میں قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔
اے پی پی کے مطابق میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کے یومِ شہادت پر دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور دعاؤں کے ساتھ ہوا۔ علما نے شہید کے درجات کی سربلندی کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔
علمائے کرام نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کے احسانات فراموش نہیں کرتیں، شہدا کا لہو ہم پر قرض ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہید ہمیشہ زندہ ہوتے ہیں، شہید کا خون کبھی رائیگاں نہیں جاتا، جو قومیں اپنے شہدا کی تکریم نہیں کرتیں وہ ذلیل و رسوا ہو جاتی ہیں، شہداء کی قربانیاں ہم سب پر قرض ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میجر راجہ عزیز بھٹی شہید دھرتی کا بہادر بیٹا تھا جو ہمیشہ ہر دل میں زندہ رہے گا۔
Comments are closed.