
مسلم لیگ ن کے امیدوار نذیر چوہان کا کہنا ہے کہ رات کے اندھیرے میں مجھ پر اور میرے نہتے لوگوں پر وار کیا گیا، اللّٰہ کا فضل ہے کہ میری جان بچ گئی اور آپ سب کے سامنے کھڑا ہوں۔
الیکشن کمیشن آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نذیر چوہان نے کہا کہ میری قیادت اور اداروں سے درخواست ہے کہ فری اینڈ فیئر ٹرائل کیا جائے، پہلے بھی الیکشن ہوئے ہیں، جو پرامن اور مقابلےکی فضا میں ہوتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اپنا کردار ادا کرنا ہے، وہی طاقتور ادارہ ہے، جس نے زیادتی کی اس کو ہمیشہ کے لیے نااہل قرار دیا جائے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم خود کو پولیس اور الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کر کے انصاف کے طلب گار ہیں، میں نہ مانوں کی رٹ نہیں لگاؤں گا، اداروں کا احترام کروں گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ایک بیان میں نذیر چوہان نے دعویٰ کیا تھا کہ انتخابی مہم کے بعد گھر جاتے ہوئے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ فائرنگ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے شبیر گجر، خالد گجر اور ان کے ساتھیوں نے کی۔
Comments are closed.