لاہور کے نواحی علاقے رائے ونڈ کے اکثر علاقے اور گلیاں گندے پانی کے تالاب بن گئے ہیں۔
رائے ونڈ میں ارشد کالونی، کوٹ نہال، بستی امین پورہ اور دیگر کئی علاقوں کی گلیاں سیورج کے پانی سے بھری پڑی ہیں۔
ہر طرف جمع سیورج کے پانی کے باعث علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، گندے پانی نے شہریوں کی آمدورفت مشکل بنادی ہے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ سکولوں کے بچوں اور نمازیوں کے کپڑے گندے اور ناپاک ہوجاتے ہیں، حتیٰ کہ لوگ اسی گندگی میں سے جنازے لے کر جانے پر مجبور ہیں۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ کئی ماہ سے جمع گندا پانی عذاب بن چکا ہے جس سے وبائی امراض پھوٹ رہے ہیں، تعفن اور بو نے مکینوں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ اے سی رائے ونڈ اور بلدیہ کے حکام متعدد شکایات کے باوجود ٹس سے مس نہیں ہوئے۔
اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ اسکا نوٹس لیں تاکہ انکے مسائل کا مداوا ہو۔
Comments are closed.