پاکستان میں ذہنی صحت سے متعلق آگاہی کےلیے میرخلیل الرحمان فاؤنڈیشن اور برٹش ایشین ٹرسٹ کے مابین ’مہم مل کر‘ کے عنوان سے کوششیں کی جائیں گی۔
اس حوالے سے جنگ گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر شاہ رخ حسن اور برٹش ایشین ٹرسٹ کی ڈائریکٹر کمیلہ ماروی ٹپال نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
کراچی سے وقاص عالم انگاریہ کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں ذہنی صحت کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے لئے میرخلیل الرحمان فاؤنڈیشن اور برطانوی ہائی کمیشن کراچی کے درمیان سمجھوتا طے پا گیا۔
تقریب کی مہمان خصوصی برطانوی ڈپٹی ہائی کمیشنر سارا مونی تھیں۔
برٹش ایشین ٹرسٹ کی ڈائریکٹر کمیلہ ماروی ٹپال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر چار میں سے ایک شخص کسی نہ کسی ذہنی مرض کا شکار ہے۔ "مہم مل کر” کے پلیٹ فارم سے ذہنی صحت سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے علاوہ پالیسی سازی میں بھی تعاون کیا جائے گا۔
منیجنگ ڈائریکٹر جنگ گروپ شاہ رخ حسن کا کہنا تھا کہ یہ دو بڑے اداروں کے درمیان سمجھوتا ہے جس کے مثبت اثرات جلد دکھائی دیں گے۔
اس ایک سالہ مہم کو مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، ڈیجیٹل، پرنٹ اور ٹی وی میڈیا کے ذریعے عام کیا جائے گا، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سے مستفید ہوسکیں۔
Comments are closed.