اتوار 9؍صفر المظفر 1445ھ27؍اگست 2023ء

ذکا اشرف کی پاکستان ٹیم کو عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ون ڈے انٹرنیشنل کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارک باد دی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے عالمی نمبر ایک رینکنگ افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز 0-3 سے جیتنے پر حاصل کی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی نمبر ون ٹیم بن گئی ہے۔

ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ یہ کارنامہ پاکستان ٹیم کی سخت محنت، لگن اور اتحاد کی عکاسی کرتا ہے کہ ہمارے باصلاحیت کرکٹرز کھیل پر کتنے فوکس ہیں۔ یہ ہم سب کے لیے قابل فخر موقع ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ون ڈے انٹرنیشنل کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن دوبارہ حاصل کرلی ہے۔

ذکا اشرف نے پوری ٹیم اور کوچنگ اسٹاف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان سب نے اپنی مشترکہ کوششوں اور محنت کے ذریعے پاکستان کا پرچم سر بلند کیا ہے۔

ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ ہمارے شائقین کا جوش و جذبہ کھلاڑیوں کے حوصلے بڑھانے کے سلسلے میں مثالی رہا ہے۔

پاکستان نے افغانستان کو تیسرے اور سیریز کے آخری ایک روزہ میچ میں 59 رنز سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ فتح اپنے نام کرلی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کا عالمی نمبر ایک بننا اس کی جانب سے شائقین کی اسی محبت کا بھرپور جواب ہے۔

ذکا اشرف نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو اب ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کھیلنا ہے لہٰذا ہم پرعزم ہیں کہ اپنی اس پوزیشن کو برقرار رکھیں گے اور کھیل کے تمام فارمیٹس میں شاندار کارکردگی کو جاری رکھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا سفر ابھی شروع ہوا ہے اور امید ہے کہ کھلاڑیوں، مینجمنٹ اور شائقین کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں پاکستان ٹیم بلندیوں کو چھوئے گی اور قوم کو مزید شاندار کامیابیوں کی خوشیاں فراہم کرے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.