وزیر اعظم شہباز شریف نے وزارت مذہبی امور سے وزیرِ مذہبی امور کے ذاتی اسٹاف اور وزارت کے دیگر 200 افراد کے حج پر جانے کی خبر پر وضاحت طلب کرلی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے فوکل پرسن ابوبکر عمر کا کہنا ہے کہ’حجاج کی مدد کے لیے وزارت مذہبی امور کا کچھ عملہ روانہ کیا جاتا ہے تاہم خبر سے ملنے والا تاثر مختلف ہے جس کی وجہ سے وزارت مذہبی امور سے وضاحت مانگی ہے۔‘
خیال رہے کہ وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے آئندہ حج بیت اللہ کے لئے وزارت کے 200؍ افسران اور حکام کی فہرست کوحتمی شکل دے دی ہے۔
وزارت کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں صرف وزیر کے دفتر سے 5 ڈرائیورز، چار گن مین، ایک باورچی، 11 پرسنل سیکریٹریز و معاونین سمیت 35 اہلکاروں کی خدمات مستعار لی گئی ہیں۔
سیکریٹری مذہبی امور آفتاب اکبر درانی نے فہرست میں شامل وزارت کے 200 افراد کے حوالے سے پوچھے جانے پر کہا کہ ہر سال حج کے موقع پر منتخب اہلکاروں کو حجاج کو خدمات کی فراہمی کے لیے روانہ کیا جاتا ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’ایسے اہلکاروں میں سیکریٹری اور ڈپٹی سیکریٹریز کے عملے کے ارکان بھی شامل ہوتے ہیں۔‘
Comments are closed.