آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا ایکشن شروع ہوچکا ہے، ٹیمیں 14 نومبر کو ٹرافی اٹھانے کا عزم لیے میدان میں اتر چکی ہیں، پاکستان کرکٹ ٹیم بھی 2009 کی تاریخ ایک بار پھر دہرانے کو متحدہ عرب امارات پہنچ چکی ہے، وہ 24 اکتوبر کو بھارت کے خلاف میچ کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔
ایک جانب تو کرکٹ کے میدانوں میں جگمگانے والے کھلاڑی ورلڈکپ میں پاکستان کا پرچم سربلند کرنے کے لیے پُرامید ہیں تو دوسری جانب دیگر اسپورٹس میں پاکستان کے لیے پسینہ بہانے والے ایتھلیٹس بھی ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کی جیت کے لیے دعاگو ہیں۔
ہاکی، ٹینس، کراٹے، ویٹ لفٹنگ، بیڈمنٹن، ایتھلیٹکس اور دیگر اسپورٹس میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے ایتھلیٹس نے پاکستان ٹیم کے لیے ورلڈ کپ مشن میں نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کی چیمپئن کراٹے کلثوم ہزارا کہتی ہیں کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے پُرجوش ہیں اور پورا ایونٹ دیکھیں گی۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ جس طرح 2009 میں پاکستان نے ورلڈکپ جیتا تھا، اس بار بھی اس طرح ہی ورلڈکپ جیتے، حال ہی میں نیوزی لینڈ نے جو کھیلنے سے انکار کیا تھا اسکی وجہ سے ہر کسی کو مایوسی ہوئی تھی، امید ہے پاکستان جیت کر نہ صرف فینز کو مسکراہٹیں دیں بلکہ دنیا بھر کو ایک مثبت پیغام بھی دے۔
کلثوم نے بتایا کہ بابر اعظم اور شعیب ملک ان کے فیورٹ پلیئر ہیں، امید ہے یہ دونوں اچھا پرفارم کریں اور ٹیم ورلڈکپ جیت کر آئیں۔
کراٹے میں ہی پاکستان کے لیے متعدد میڈلز جیتنے والے سعدی عباس کا کہنا ہے کہ پوری قوم کی طرح وہ بھی پاکستان ٹیم کی جیت کے لیے دعاگو ہیں، انہوں نے خاص طور پر بابر اعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا کہ بابر بھرپور انداز میں ٹیم کو لیڈ کریں اور اچھی سے اچھی کرکٹ کھیل کر قوم کو ورلڈ کپ کا تحفہ دیں۔
پاکستان کی خاتون ہاکی پلیئر افشا نورین نے بھی پاکستان ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، افشان نورین کا کہنا تھا کہ محمد رضوان ان کے فیوریٹ پلیئر ہیں لیکن وہ پوری ٹیم کو ہی سپورٹ کر رہی ہیں اور دعاگو ہیں کہ ٹیم کا ہر پلیئر اچھے سے اچھا پرفارم کرے اور ورلڈ کپ پاکستان ہی جیتے۔
پاکستان ہاکی ٹیم کے گول کیپر عمران بٹ کہتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں بہت صلاحیتیں ہیں اور یہ ٹیم ورلڈکپ میں کافی اچھا پرفارم کرکے ٹرافی لاسکتی ہے۔
عمران بٹ نے کہا کہ محمد حفیظ ان کے فیوریٹ پلیئر ہیں ان کی خواہش ہے کہ بطور سینیر پلیئر محمد حفیظ اس ایونٹ میں اچھا پرفارم کریں لندن اولمپکس میں پاکستانی دستے میں شامل ہونیوالے ہاکی پلیئر نے کہا کہ بابر اعظم، محمد رضوان بھی شاندار پلیئرز ہیں، انہیں ان تمام سے بہت امیدیں ہیں، جبکہ امید ہے کہ اس بار بھارت کیخلاف بھی پاکستان اچھا کھیل کر فتحیاب ہوگا۔
ٹینس اسٹار اعصام الحق نے پاکستان ٹیم کو گڈ لک کہتے ہوئے کہا کہ ان کی دعائیں ٹیم کے ساتھ ہیں کہ تمام کھلاڑی ورلڈکپ میں اپنا بہترین سے بہترین کھیل پیش کریں گے اعصام نے کہا کہ وہ ایک پلیئر کو فیوریٹ نہیں کہیں گے بلکہ پوری ٹیم کو ہی سپورٹ کریں گے۔
پروفیشنل باکسر محمد وسیم نے بھی پاکستان ٹیم کو گڈ لک کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ امید ہے کہ اس بار پاکستان ٹیم ہی ورلڈکپ جیتے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم میں پلیئرز سے دوستیاں ہیں، فیوریٹ تو فخر زمان ہے لیکن آل دا بیسٹ سب پلیئرز کو ہی کہیں گے کہ وہ ورلڈکپ میں پاکستان کے لیے اچھے سے اچھا پرفارم کریں۔
پاکستان کی نمبر ون خاتون جویلین تھرو فاطمہ حسین نے کہا کہ وہ بھی پوری قوم کی طرح کرکٹ کی مداح ہیں اور ان کی بھی یہی خواہش ہے کہ ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم اچھا پرفارم کرے، امید ہے ٹیم ورلڈکپ گھر لے کر آئے۔
ٹینس پلیئر اشنا سہیل نے بھی پاک ٹیم کی جیت کی لیے نیک خوہشات کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی پلیئر فاطمہ انصاری کہتی ہیں کہ انہیں امید ہے کہ ٹیم اچھا پرفارم کر کے پاکستان کا نام روشن اور ٹرافی لے کر گھر آئے گی۔
قومی ویمن فٹبالر نے کہا کہ کرکٹ ٹیم کا کھیل ہے، امید ہے کہ ہر کھلاڑی اپنا حصہ ڈالے اور ٹیم کی جیت یقنی ہو۔
ٹوکیو اولمپکس میں شاندار کارکردگی دکھا کر سب کی توجہ کا مرکز بن جانیوالے ویٹ لفٹر طلحہ طالب نے کہا کہ ان کی پوری قوم سے درخواست ہے کہ ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کی جیت کے لیے دعاگو ہوں تاکہ پاکستان ٹیم میگا ایونٹ میں سرخرو ہو۔
بیڈمنٹن اسٹار پلواشہ بشیر نے بھی میگا ایونٹ میں پاکستان ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں یقین ہے کہ ٹیم ورلڈکپ میں اچھا پرفارم کر کے اس ٹورنامنٹ میں سرخرو ہوں گے۔
پلواشہ بشیر نے کہا کہ اس ٹیم میں ہر کھلاڑی پاکستان کا ایک اثاثہ ہے اور ہر کسی کا اپنا کردار ہے امید ہے ہر کوئی اپنا کردار بخوبی ادا کرے گا اور پاکستان ورلڈکپ جیت کر وطن لوٹے۔
Comments are closed.