اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کو کسی صورت دوبارہ پنپنے نہیں دینگے۔
جی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ملکی سلامتی کی صورت حال سے متعلق اہم اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے۔ بڑی قربانیوں سے ملک میں امن کو بحال کیا گیا، دہشت گردی کے خاتمے میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں بے مثال ہیں۔ سکیورٹی اہلکاروں اور عوام کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
اجلاس میں سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کے اجلاس کے دوران وزیر دفاع، وزیر داخلہ، خارجہ امور کے وزرا نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں سوات کی صورتحال اور کالعدم تحریک طالبان سے مذاکرات سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور سکیورٹی اداروں نے اپنی سفارشات اجلاس میں پیش کیں۔
ذرائع کے مطابق اس کے علاوہ ایک اور اجلاس ہوا، اس اجلاس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف نے کی، اس اجلاس میں جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم، کور کمانڈر پشاور نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں خیبر پخونخوا اور مغربی سرحدوں سے متعلق سکیورٹی کا جائزہ لیا گیا، وزیر اعظم کو خیبر پختونخوا اور مغربی سرحدوں سے متعلق سکیورٹی پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے قبل آرمی چیف اور وزیراعظم کی ون آن ون ملاقات بھی ہوئی، جس میں قومی و داخلی سلامتی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملک کی مجموعی امن وامان کی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کو کسی صورت دوبارہ پنپنے نہیں دیا جائے گا، سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے۔ بڑی قربانیوں سے ملک میں امن کو بحال کیا گیا، دہشتگردی کے خاتمے میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں بے مثال ہیں۔ سکیورٹی اہلکاروں اور عوام کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
Comments are closed.