جمعہ 14؍صفر المظفر 1445ھ یکم؍ستمبر 2023ء

دہشتگردی کیخلاف طویل جنگ لڑی ہے، آخری دم تک لڑتے رہیں گے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ہم نے دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ لڑی ہے اور آخری دم تک لڑتے رہیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے بنوں کا دورہ کیا، بنوں میں گزشتہ روز فوجی قافلے پر خودکش حملے میں 9 فوجی شہید ہوئے تھے۔

اس موقع پر سپہ سالار نے کہا کہ دہشتگردوں کے بزدلانہ ہتھکنڈے فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور قوم کو کبھی جھکا نہیں سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کی خام خیالی ہے کہ وہ ہمارے آہنی عزم اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کرسکتے ہیں، دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے دہشتگردی کے خاتمے کا ہمارا عزم کمزور نہیں کرسکتے۔

آرمی چیف نے کہا کہ مسلح افواج مادر وطن سے دہشتگردی کا ناسور ہر قیمت پر ختم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔

خودکش دھماکے کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) تھانا سی ٹی ڈی میں درج کرلی گئی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج دہشتگردی کے خلاف کردار ادا کرتی رہے گی، آرمی چیف نے فوجیوں کے بلند حوصلے اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان میں امن و استحکام ہمارے شہداء کی قربانیوں کی مرہونِ منت ہے، قوم شہداء کو زبردست خراج تحسین پیش کرتی ہے، شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

چیف آف آرمی اسٹاف کو خودکش دھماکے اور سیکیورٹی سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی، انہوں نے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور اُن کے عزم کو سراہا۔

جنرل عاصم منیر بنوں دھماکے میں زخمی افراد کی عیادت کیلئے سی ایم ایچ بھی گئے، انہوں نے زخمی افراد سے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔

سربراہ پاک فوج نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ قوم دکھ کی اس گھڑی میں شہید جوانوں کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.